لکھنؤ: اترپردیش کے اعلی ترین شہری اعزاز یش بھارتی کی تقریب میں بھی یادو
خاندان کی اندرونی رسہ کشی کا اثر نظر آیا۔ دراصل، نو تعمیر شدہ لوك بھون
میں منعقدہ سمان تقریب کے لئے کارڈ پر سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ
ملائم سنگھ یادو کا نام تصویر کے ساتھ چھپا تھا۔ یہاں تک کہ شہر کے مختلف
علاقوں میں ہورڈنگ اور بینروں میں بھی ایس پی سربراہ کی تصویر وزیر اعلی
اکھلیش یادو ساتھ لگائی گئی تھی مگر پروگرام کے مقام پر مسٹر اکھلیش یادو
کو چھوڑ کر یادو خاندان کا کوئی اور رکن موجود نہیں تھا۔
پروگرام میں آئے مہمانوں اور صحافیوں کے درمیان ایس پی سربراہ
کی غیر
موجودگی بحث کا موضوع بنی رہی۔پارٹی ذرائع کے مطابق اکھلیش یادو خود اپنے
والد کو پروگرام میں بلانے کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے تھے۔ وہ وہاں
تقریباً 15 منٹ تک رہے مگر نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) کا ایوارڈ تقریب میں
نہ پہنچنا حیرت انگیز رہا۔ بعد میں اکھلیش نئے سکریٹریٹ لوك بھون میں تنہا پہنچے اور ایک مختصر
خطاب کے بعد ریاست کی 71 شخصیات کو نوازا۔ اس دوران انہوں نے موجودہ حالات
پر کوئی بھی تبصرہ نہیں کیا۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں پیر کو پارٹی کے ریاستی
صدر شیو پال سنگھ یادو سے بحث کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب اکھلیش نے کسی
سرکاری پروگرام میں شرکت کی ہے۔